سنگاپور، آئی سی سی سالانہ کانفرنس کا آغاز، اہم فیصلوں کا امکان

آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کی سالانہ کانفرنس کا آغاز سنگاپور میں ہوگیا، جہاں ابتدائی سیشن میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کا انتخاب کیا گیا۔

انتخابی عمل میں 40 ایسوسی ایٹ ممبران اور 5 ریجنل نمائندگان نے حصہ لیا، جس کے بعد فرانس کے گورومرتھی پلانی، ہانگ کانگ سے انوراگ بھٹنگر، اور کینیڈا سے گردیپ کلائر کو سی ای سی کا حصہ منتخب کیا گیا۔

اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کر رہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے، جو 19 اور 20 جولائی کو شیڈول بورڈ سربراہان کی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

آئی سی سی کی اس کانفرنس میں مختلف اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں لاس ایجنلس اولمپکس کے لیے ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کے طریقہ کار پر وضاحت پیش کی جائے گی، جس سے عالمی سطح پر کرکٹ کے مستقبل کی سمت طے ہونے کا امکان ہے۔

 اس کے علاوہ، ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی، جو کرکٹ کی عالمی سطح پر مقبولیت میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

ایک اور اہم موضوع جس پر اس کانفرنس میں گفتگو متوقع ہے وہ ہے ون ڈے سپر لیگ کی بحالی۔ آئی سی سی کے حکام اس لیگ کو دوبارہ متعارف کرانے کے بارے میں اہم فیصلے کرسکتے ہیں، جس سے عالمی کرکٹ کے کیلنڈر میں مزید دلچسپی پیدا ہوگی۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع