صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن میں 4 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز ہر لمحہ اس قومی مقصد کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو عوام کے اتحاد اور ریاستی اداروں کے عزم کے ساتھ ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ فتنۂ ہندوستان کے تحت سرگرم عناصر کا آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پیچھا کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قلات میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فورسز نے وطن دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے قوم کو فخر کا موقع فراہم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی سے چلنے والے ان دہشت گردوں کا انجام ان کے ناپاک عزائم کی شکست کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ان کی کاوشوں کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔