تشویشناک خبر، بڑی صنعتوں کی پیداوار 11 ماہ میں گراوٹ کا شکار، ادارہ شماریات

مالی سال 2024-25 کے پہلے 11 ماہ (جولائی 2024 تا مئی 2025) کے دوران ملک کی بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 1.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مئی 2025 میں اپریل کے مقابلے میں صنعتی پیداوار میں 7.39 فیصد اضافہ ہوا۔ سالانہ بنیاد پر بھی مئی 2024 کے مقابلے میں مئی 2025 میں 2.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو صنعتی بحالی کی جزوی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مختلف صنعتی شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا، جس کے مطابق متعدد اہم شعبے نمایاں تنزلی کا شکار رہے، ان میں فرنیچر سیکٹر کی پیداوار میں 58.09 فیصد کی کمی ہوئی، شوگر انڈسٹری میں 14.30 فی صد کمی واقع ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مشینری و آلات کی پیداوار میں 35.41 فیصد کی گراوٹ آئی، فیبریکیٹڈ میٹیریل سیکٹر میں 15.30 فی صد کی کمی دیکھی گئی، الیکٹریکل آلات کی پیداوار میں 12.74 فیصد کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق فوڈ انڈسٹری میں 2.32 فیصد کمی ہوئی، جبکہ کیمیکل مصنوعات میں بھی 4.06 فی صد کمی ہوئی۔

تاہم رپورٹ میں کئی شعبہ جات کی کارکردگی میں مثبت رجحانات بھی سامنے آئے جن میں آٹوموبائل سیکٹر میں پیداوار میں 43.94 فیصد اضافہ ہوا، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 2.79 فیصد بہتری آئی، پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.74 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تمباکو سیکٹر میں 8.85 فیصد اضافہ ہوا۔ا

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع