کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی پکنک بس حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹھٹھہ اور خیرپور کے قریب قومی شاہراہ پر دو الگ الگ حادثات میں کم از کم 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 45 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلا حادثہ درسگاہ محمد علی کے مقام پر پیش آیا، جہاں کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی تیز رفتار بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے اور وہ پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جا رہے تھے۔
دوسرا حادثہ خیرپور کے قریب پیش آیا، جہاں بارش کے دوران ایک مسافر کوچ الٹ گئی، حادثے میں 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو گئے، تاہم کوچ کراچی سے مانسہرہ جا رہی تھی۔
حکام نے دونوں حادثات کی وجہ تیز رفتاری اور خراب موسم کو قرار دیا ہے جبکہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کی حالت تشویشناک ہے۔