پاکستان میں خام تیل کی یومیہ پیداوار 71 ہزار 540 بیرل تک پہنچ گئی
او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار 1.1 فیصد اضافہ ہوا
پاکستان میں خام تیل کی یومیہ پیداوار بڑھ کر 71 ہزار 540 بیرل تک پہنچ گئی ہے جبکہ قدرتی گیس کی یومیہ پیداوار 3 ہزار 56 ملین مکعب فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) ریکارڈ کی گئی ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار 1.1 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد کمپنی کی یومیہ پیداوار 37 ہزار 695 بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح او جی ڈی سی ایل کی قدرتی گیس کی پیداوار بھی 1.8 فیصد اضافے کے ساتھ 678 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کی خام تیل کی پیداوار میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا اور یومیہ پیداوار 4 ہزار 159 بیرل تک پہنچ گئی جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی تیل پیداوار معمولی کمی کے بعد 11 ہزار 877 بیرل یومیہ رہی۔
دوسری جانب ماری انرجیز کی قدرتی گیس کی پیداوار میں ہفتہ وار 1.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یومیہ پیداوار 980 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نشپا آئل فیلڈ بدستور ملک کا سب سے بڑا خام تیل پیدا کرنے والا فیلڈ ہے جہاں یومیہ پیداوار 10 ہزار 922 بیرل ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح ماری گیس فیلڈ کی پیداوار 1.9 فیصد اضافے کے ساتھ 922 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گئی جبکہ کندھکوٹ اور اُچ گیس فیلڈز کی پیداوار میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر بالترتیب 9.7 فیصد اور 9.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
