ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے دی
گل فیروزہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
برسٹل: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا اختتام شاندار فتح کے ساتھ کیا۔
کاؤنٹی گراؤنڈ برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور ایک اہم شراکت نے ٹیم کو بہتر اسکور تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 127 رنز کے ہدف کے جواب میں 18 اوورز میں 89 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان بابیٹ ڈی لیڈ نے مزاحمت کرتے ہوئے 30 رنز اسکور کیے تاہم دیگر کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں شاندار کارکردگی دیکھنے میں آئی، جہاں کپتان فاطمہ ثناء اور آل راؤنڈر عائشہ ظفر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز میں ابتدائی نقصان کے بعد اہم شراکت قائم ہوئی جس نے ٹیم کو مستحکم کیا۔ گل فیروزہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
نیدرلینڈز کی جانب سے آئرس زیولنگ نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 19 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
