زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی چیلنج، پاکستان ویمن ٹیم ایک اور کلین سوئپ کیلئے تیار
ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں امبر کائنات اور سائرہ جبین کو شامل کیا گیا ہے
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے سیریز کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا۔
پاکستان اور زمبابوے ویمن ٹیموں کے درمیان تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ہر میچ رات ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
قومی ویمن ٹیم اس سے قبل ون ڈے سیریز میں زمبابوے کو تین صفر سے شکست دے کر کلین سوئپ کرچکی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں امبر کائنات اور سائرہ جبین کو شامل کیا گیا ہے جن سے ٹیم انتظامیہ کو اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز میں کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور کھلاڑیاں مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع ملنا خوش آئند ہے جبکہ یہ سیریز آئندہ آئرلینڈ ٹرائی سیریز اور آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے بھی اہم ثابت ہوگی۔
دوسری جانب زمبابوے ویمن ٹیم کی کپتان نومویلو سیبانڈا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ون ڈے سیریز کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ٹی ٹونٹی مقابلوں میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
