آسٹریلیا نے کالعدم بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
آسٹریلوی حکام کے مطابق بی ایل اے کے حملوں میں غیر ملکی شہری بھی نشانہ بن چکے ہیں
بلوچستان لبریشن آرمی کے خلاف آسٹریلیا نے سخت کارروائی کرتے ہوئے تنظیم کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دے دیا جبکہ تنظیم کے سربراہ بشیر زیب سمیت تین اہم افراد پر مالی پابندیاں بھی عائد کر دی گئیں۔
آسٹریلوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم بی ایل اے سے کسی بھی قسم کا مالی لین دین، تعاون یا روابط رکھنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ پابندی کا فیصلہ تنظیم کی دہشت گرد سرگرمیوں، حملوں کی منصوبہ بندی اور شدت پسند کارروائیوں کی حمایت کے شواہد سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق بی ایل اے کے حملوں میں غیر ملکی شہری بھی نشانہ بن چکے ہیں جس کے باعث اسے عالمی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے انسداد دہشت گردی فریم ورک کے تحت کیے گئے ہیں تاکہ شدت پسند تنظیموں کی مالی معاونت اور عالمی نیٹ ورک کو محدود کیا جا سکے۔
دفاعی و سفارتی حلقوں میں آسٹریلیا کے اس اقدام کو دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
