ویمنز ٹی20 رینکنگ میں بڑا اپ سیٹ، چماری اتاپاتو ٹاپ تھری میں، پاکستانی کھلاڑی بھی چھا گئیں
بولنگ میں نشرا سندھو نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث 11ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے
آئی سی سی نے ویمنز ٹی20 پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کر دی، جس میں سری لنکا کی اسٹار آل راؤنڈر چماری اتا پتو نے شاندار کارکردگی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
چماری اتاپاتو نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کھیل پیش کیا۔ انہوں نے تین میچز میں 115 رنز اسکور کیے اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس پر انہیں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی ملا۔ ان کی ریٹنگ 368 پوائنٹس تک جا پہنچی جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔
آل راؤنڈر رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ایمیلا کیر پہلے اور ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں چماری نویں جبکہ بولنگ میں 41ویں نمبر پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی ہرشتھا سمارا وکرما بیٹنگ میں مشترکہ 20ویں پوزیشن پر آگئی ہیں، جبکہ کویشا دلہاری بولرز میں 17ویں نمبر تک پہنچ گئی ہیں۔ امیشا دولانی نے بھی 23 درجے ترقی کے بعد 49 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کی کھلاڑیوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جن میں شرمیم اختر، دلارا اختر اور شورنا اخترشامل ہیں، جبکہ سلطانہ خاتون 48 درجے ترقی کے بعد 38ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔
ادھر پاکستان ویمنز ٹیم نے بھی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی کے بعد رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے۔ سدرہ امین بیٹنگ رینکنگ میں ترقی پا کر 11ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ صدف شمس 12 درجے بہتری کے بعد کیریئر بیسٹ 72ویں پوزیشن پر آ گئی ہیں۔
بولنگ میں نشرا سندھو نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث 11ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
