وائٹ ہاؤس ڈنر فائرنگ سے قبل ملزم کی ہتھیاروں کے ساتھ سیلفیاں سامنے آگئیں
تصاویر میں ملزم کو سیاہ لباس اور سرخ ٹائی میں دیکھا جاسکتا ہے
وائٹ ہاؤس کوریسپانڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے باہر فائرنگ کے الزام میں گرفتار ملزم سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن میں حملے سے قبل لی گئی ہتھیاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے ملزم کی یہ تصاویر عدالت میں جمع کرائی ہیں جو ملزم کول ایلن کے خلاف جاری کیس کا حصہ ہیں۔
تصاویر میں ملزم کو سیاہ لباس اور سرخ ٹائی میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس کے پاس نیام میں رکھا ہوا چاقو، کندھے پر ہولسٹر اور ایک بیگ بھی موجود ہے جس میں مبینہ طور پر گولہ بارود رکھا گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق یہ تصاویر مبینہ واقعے سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل، رات 8 بج کر 3 منٹ پر لی گئیں جب ملزم ایک شاٹ گن کے ساتھ سیکیورٹی چیک پوائنٹ کی جانب بڑھ رہا تھا۔
عدالتی دستاویزات میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے صدر اور خاتونِ اول کی نقل و حرکت پر مختلف ویب سائٹس اور میڈیا رپورٹس کے ذریعے نظر رکھی ہوئی تھی جبکہ اس نے ای میلز بھی تیار کیں جن میں اپنے مبینہ ارادوں کا ذکر تھا جو مخصوص افراد کو ایک طے شدہ وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کی گئی تھیں۔
امریکی اسسٹنٹ اٹارنی چارلس جونز کے مطابق اگر ملزم اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتا تو یہ واقعہ امریکی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں شمار ہوتا۔
محکمۂ انصاف کی جانب سے عدالت میں ہینڈ گن اور شاٹ گن کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں جو گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے برآمد ہوئیں۔ 31 سالہ ملزم پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
