آبنائے ہرمز پر سخت ناکہ بندی، امریکا کا ایران پر دباؤ بڑھانے کا اعلان
کوئی بھی جہاز امریکا کی اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے نہیں گزر سکتا، پیٹ ہیگسیتھ
واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا کا مؤقف واضح ہے اور ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی وزیر جنگ کے مطابق ایران کے لیے بہتر ہے کہ وہ ایک مناسب معاہدہ قبول کرے جب کہ اسے مذاکرات کی طرف لانے کے لیے ناکہ بندی مزید سخت کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا محاصرہ جاری ہے اور چند دنوں میں ایک اور امریکی بحری بیڑا روانہ کیا جائے گا جب کہ ایک طیارہ بردار جہاز بھی خلیج عمان پہنچنے والا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور کوئی بھی جہاز امریکا کی اجازت کے بغیر وہاں سے گزر نہیں سکتا۔
وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج متعدد بحری جہازوں کو اپنی تحویل میں لے چکی ہے اور مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی جب کہ 34 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش پر واپس موڑ دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دو ایسے جہاز بھی قبضے میں لیے گئے جو ایران سے روانہ ہوئے تھے۔
امریکی وزیر جنگ نے پاسداران انقلاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحری قزاقوں جیسے اقدامات کر رہے ہیں تاہم ایران کی جانب سے پکڑے گئے جہاز امریکا یا اسرائیل کے نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک کشتی اور اسلحہ کے ذریعے غیر مسلح جہاز پر قبضہ کیا جاسکتا ہے تاہم ایران کے پاس اب بھی سفارتی راستہ اختیار کرنے کا موقع موجود ہے۔
امریکی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہاز اب امریکا کی شرائط کے تحت ہی سفر کریں گے۔
