جاپان میں 7.5 شدت کا زلزلہ؛ سونامی کی وارننگ جاری
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ پہلی سونامی لہریں فوری طور پر شمالی ساحلی علاقوں تک پہنچ سکتی ہیں۔
ٹوکیو: جاپان میں 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے شمالی علاقے اوتارا صوبے کے ساحل پر پیر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 53 منٹ پر 7.5 شدت کا زبردست زلزلہ آیا۔
زلزلے کے فوری بعد جاپانی محکمہ موسمیات نے تین میٹر (دس فٹ) بلند لہروں کے سونامی کی وارننگ جاری کردی جب کہ زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو تک محسوس کیے گئے، جہاں عمارتیں لرز اٹھیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ پہلی سونامی لہریں فوری طور پر شمالی ساحلی علاقوں تک پہنچ سکتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ساحلی اور دریائی علاقوں سے نکل کر اونچی زمین یا محفوظ عمارتوں میں پناہ لیں۔
ادارے نے کہا کہ سونامی لہریں بار بار آسکتی ہیں، اس لیے وارننگ ختم ہونے تک محفوظ مقامات سے باہر نہ نکلیں۔
جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے کہا کہ بحران سے نمٹنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے اور زلزلے کے اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جن علاقوں کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے، وہاں سے وہ فوری طور پر اونچی اور محفوظ جگہوں پر چلے جائیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلے آنے والے ممالک میں شامل ہے۔ یہاں ہر سال تقریباً ڈیڑھ ہزار زلزلے آتے ہیں۔ 2011 میں آنے والے 9 شدت کے تباہ کن زلزلے اور سونامی میں 18,500 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور فوکوشیما جوہری حادثہ پیش آیا تھا۔
