آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش؛ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں
بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہوگیا
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ممکنہ دوبارہ بندش کے خدشات کے بعد عالمی توانائی منڈیوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 5.57 فیصد اضافے کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس خام تیل 6.09 فیصد اضافے سے 88.94 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
اسی طرح برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) بھی 5.26 فیصد مہنگا ہو کر 95 ڈالر 64 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔
مزید برآں مربن کروڈ کی قیمت 91 ڈالر 76 سینٹس فی بیرل ریکارڈ کی گئی جب کہ قدرتی گیس 2.72 ڈالر پر ٹریڈ ہوتی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی عالمی توانائی سپلائی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے جس کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
