مذاکرات ناکامی کے بعد آبنائے ہرمز پر ایران کا عالمی جہاز رانی کے لیے نیا ٹول سسٹم متعارف

مذاکرات ناکامی کے بعد آبنائے ہرمز پر ایران کا عالمی جہاز رانی کے لیے نیا ٹول سسٹم متعارف

حالیہ حملوں سے متاثر ہونے والی آئل ریفائننگ تنصیبات کی بحالی تیزی سے جاری ہے، ایران

آبنائے ہرمز پر ایران نے ایک اہم اور غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے گزرنے والے تمام بحری جہازوں پر ٹول فیس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے خطے میں بدلتی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے روسی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نئے کنٹرول سسٹم کے تحت اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے ہر جہاز کو فیس ادا کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ قومی مفادات کے تحفظ اور سمندری راستے پر مؤثر نگرانی کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس اسٹریٹجک روٹ پر اپنی عملداری مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، جبکہ انہوں نے امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کو حساس قرار دیا۔

ادھر ایران کے نائب وزیر تیل محمد صادق نے بتایا کہ حالیہ حملوں سے متاثر ہونے والی آئل ریفائننگ تنصیبات کی بحالی تیزی سے جاری ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دو ماہ میں ملک کی 70 سے 80 فیصد پیداواری صلاحیت بحال ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاوان ریفائنری کے کچھ حصے آئندہ چند دنوں میں دوبارہ فعال ہو سکتے ہیں، جس سے تیل کی پیداوار میں بتدریج اضافہ ممکن ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی توانائی سپلائی لائن میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اور ایران کی جانب سے اس نوعیت کا فیصلہ عالمی منڈیوں، خصوصاً تیل کی قیمتوں اور تجارتی راستوں پر دور رس اثرات ڈال سکتا ہے۔

Related posts

دبئی میونسپلٹی نے الکوز میں 500 ملین درہم سیوریج اور طوفان کے پانی کی اپ گریڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل کیا

آبنائے ہرمز کی ناکا بندی ہو گی، ایران کو ٹول دینے والے جہاز کو راستہ نہیں دیں گے، ٹرمپ

کیا انڈے کی سفیدی پورے انڈے سے زیادہ صحت مند ہے، ماہر ین کیا کہتے ہیں؟