استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے قریب فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 2 پولیس اہلکار زخمی
ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے
ترکیہ کے شہر استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں تین حملہ آور ملوث تھے، جنہیں ترک پولیس نے جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں آئے اور اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔
قطری میڈیا کی رپورٹر سینم کوسی اوغلو کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک گنجان کاروباری علاقے میں پیش آیا جہاں ہزاروں افراد کام کرتے ہیں، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی قونصل خانہ یپی کریڈی پلازہ میں واقع ہے، جو استنبول کے بشکتاش ضلع کی مصروف شاہراہ بویوک درے پر قائم ایک بلند عمارت کی ساتویں منزل پر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار نے پوزیشن لیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جبکہ ایک شخص کو خون میں لت پت حالت میں بھی دیکھا گیا۔
ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے، جو ازمیت سے کرائے کی گاڑی میں استنبول آئے تھے۔ ان میں سے ایک کا تعلق مذہب کے نام پر شدت پسندی پھیلانے والے گروہ سے تھا جبکہ ایک حملہ آور کا ماضی منشیات سے متعلق جرائم سے جڑا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قونصل خانے میں اس وقت کوئی اسرائیلی سفارتکار موجود نہیں تھا اور زیادہ تر عملہ مقامی افراد پر مشتمل ہے۔
