آئی ایم ایف کی جانب سے ایک اور مطالبہ سامنے آگیا
اسٹیٹ بینک کی جانب سے افراط زر میں اضافے کی صورت میں شرح سود میں اضافہ کیا جائے گا
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر آئی ایم ایف نے پاکستان سے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھا جا سکے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسٹیٹ بینک پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ شرح سود برقرار رکھے یا اسے مزید بڑھائے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے افراط زر میں اضافے کی صورت میں شرح سود میں اضافہ کیا جائے گا۔
اسٹاف لیول معاہدے میں اس بات کی توقع ظاہر کی گئی ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان میں سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک کے فیصلوں کی مسلسل نگرانی کرے گا تاکہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے بعد اسٹیٹ بینک نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پالیسی ریٹ کو برقرار رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی قسم کے مہنگائی کے اضافے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث مہنگائی کا دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ ضرورت پڑنے پر مانیٹری پالیسی کو مزید سخت کیا جا سکتا ہے تاکہ بنیادی افراط زر میں اضافے کے خدشات کو کم کیا جا سکے اس کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک افراط زر کی سطح پر مسلسل نظر رکھے گا اور ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
