سمینٹ سیکٹر سے اچھی خبر، برآمدات اور مجموعی فروخت میں اضافہ
مارچ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.745 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.91 فیصد زیادہ ہے۔
کراچی: آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارچ 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.745 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.91 فیصد زیادہ ہے۔
مقامی فروخت میں معمولی کمی دیکھی گئی جو 3.097 ملین ٹن رہی تاہم سیمنٹ برآمدات میں 6.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 648,564 ٹن تک پہنچ گئیں۔
ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 9.80 فیصد اضافے سے 38.54 ملین ٹن رہی۔
مقامی فروخت 31.6 ملین ٹن تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر 10.61 فیصد زیادہ ہے۔ سیمنٹ برآمدات 6.94 ملین ٹن رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.25 فیصد زیادہ ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جغرافیائی و سیاسی کشیدگی سے سیمنٹ انڈسٹری کو خطرات لاحق ہیں۔ تیل اور کوئلے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ لاگت اور سپلائی چین کو متاثر کرسکتا ہے۔