مخصوص ورزش نیند کو بہتر بنانے میں سب سے زیادہ مؤثر
یوگا نہ صرف دل کی دھڑکن میں اضافہ اور پٹھوں کو متحرک کرتا ہے بلکہ سانس کو بھی منظم کرتا ہے
ایک اہم ترین تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یوگا کی مشقیں نیند کو بہتر بنانے میں سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
حالیہ تحقیق کے مطابق یوگا میٹ بچھا کر سانس کے ساتھ ہم آہنگی میں یوگا کرنا طویل مدت میں نیند کو بہتر بنانے کے لیے بہترین ورزشوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔
اس نئی تحقیق میں 30 رینڈمائزڈ کنٹرولڈ ٹرائلز کا میٹا تجزیہ کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ باقاعدہ اور زیادہ شدت والا یوگا نیند کو بہتر بنانے میں واکنگ، ریزسٹنس ٹریننگ، ایروبک ایکسرسائز اور روایتی چینی ورزشوں جیسے چی گونگ اور تائی چی سے زیادہ مؤثر ہے۔
اس تجزیے میں ایک درجن سے زائد ممالک مطالعات کے شامل تھے جب کہ شرکاء کی تعداد 2,500 سے زائد تھی جس میں ہر عمر کے افراد شامل تھے اور جنہیں نیند کے مسائل کا سامنا تھا۔
چین کی ہربن اسپورٹ یونیورسٹی کے محققین نے جب ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ ہفتے میں دو بار 8 سے 10 ہفتوں تک ہر سیشن 30 منٹ یا اس سے کم اور زیادہ شدت کے ساتھ یوگا کرنا نیند کے مسائل میں مبتلا افراد کے لیے سب سے مؤثر طریقہ ہو سکتا ہے اس ضمن میں واکنگ دوسرے جب کہ ریزسٹنس ایکسرسائز تیسرے نمبر رہی۔
حالیہ تحقیق یہ واضح نہیں کر سکی کہ یوگا نیند کے لیے خاص طور پر کیوں فائدہ مند ہے لیکن کچھ ممکنہ وجوہات موجود ہیں۔
یوگا نہ صرف دل کی دھڑکن میں اضافہ اور پٹھوں کو متحرک کرتا ہے بلکہ سانس کو بھی منظم کرتا ہے۔ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ سانس پر کنٹرول پیرسیمپیتھٹک نروس سسٹم کو فعال کرتا ہے جو جسم کے ’’سکون اور نظام ہاضمہ‘‘ سے وابستہ ہے۔
ہر انسان کا جسم اور دماغ مختلف ہوتا ہے، اس لیے بے خوابی یا نیند کے مسائل کے لیے کوئی ایک حل سب کے لیے یکساں مؤثر نہیں ہوتا۔