ایران کا اسرائیل پر نیا میزائل حملہ، کشیدگی میں خطرناک اضافہ
شمالی اسرائیل کے علاقے ویسٹرن گلیلی میں میزائل حملے کے بعد سائرن بج اٹھے
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں ایران کی جانب سے اسرائیل پر نئے میزائل حملے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق منگل کے روز شمالی اسرائیل کے علاقے ویسٹرن گلیلی میں میزائل حملے کے بعد سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے مطابق حملے کے فوری بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی اعلیٰ سیکیورٹی شخصیت علی لاریجانی ایک رات قبل ہونے والے حملے میں مارے گئے ہیں۔
تاہم ایران کی جانب سے اس دعوے کی ابھی تک کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ 28 فروری سے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملے جاری ہیں، جن میں اب تک تقریباً 1300 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل، اردن، عراق اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث نہ صرف جانی و مالی نقصان ہوا بلکہ عالمی منڈیوں اور فضائی آپریشنز بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔