کارروائی نا کرتے تو ایران ایک ماہ میں ایٹم بم حاصل کرلیتا، خارگ کا کچھ کرنا ہوگا، ٹرمپ
رکن کانگریس الحان عمر حقیقت میں امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم ہے، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکا کارروائی نہ کرتا تو ایران ایک ماہ کے اندر ایٹم بم حاصل کر لیتا۔
انھوں نے کیوبا پر جارحیت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کیوبا کو اپنے کنٹرول میں لینے کا اعزاز حاصل کروں گا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ کسی نہ کسی موڑ پر خارگ جزیرے میں موجود ذخیرے کا کچھ کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران خطے میں تباہی پھیلا کر قیادت حاصل کرنا چاہتا ہے، ایران اگر ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتا تو وہ فوری طور پر اسرائیل سمیت مشرق وسطیٰ پر حملہ کر دیتا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی بی-ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے “مڈنائٹ ہیمر” آپریشن کیا گیا اور ایرانی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
صدر ٹرمپ کی ایران، چین اور نیٹو پر سخت مؤقف
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے چین سے اپنے دورے کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے اور وہ چین کا دورہ کرنا پسند کرتے ہیں لیکن فی الحال ایسا ممکن نہیں۔ انھوں نے نیٹو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس کے دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کیے لیکن جب امریکا کو ضرورت پڑی تو اتحادی ممالک ساتھ نہیں تھے۔
برطانیہ کے جنگی طیاروں کی ضرورت نہیں
برطانوی قیادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کیئر اسٹارمر نے جنگ کے بعد جنگی طیارے بھیجنے کی پیشکش کی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اب اس کی ضرورت نہیں رہی۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم نے مجھے مایوس کیا ہے۔ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کی ایران پالیسی کو “بدترین ڈیل” قرار دیا۔
اینٹی فراڈ ٹاسک فورس کے قیام کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط
داخلی امور پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ انہوں نے اینٹی فراڈ ٹاسک فورس کے قیام کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، جس کی سربراہی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ادویات کی قیمتوں میں 80 فیصد تک کمی کی گئی ہے اور سابقہ انتظامیہ پر امریکی عوام کے ساتھ فراڈ میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ رکن کانگریس الحان عمر حقیقت میں امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم ہے، مینیسوٹا میں صومالین باشندے کرپشن میں ملوث ہیں۔