احمد مسعود کا طالبان پر افغانستان کو دہشت گرد گروہوں کا مرکز بنانے کا الزام
احمد مسعود نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال طالبان کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کا نتیجہ ہے
افغانستان کے قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے جمعہ کے روز افغانستان کی اسلامی اتحاد پارٹی کے سابق سربراہ عبدالعلی مزاری کے قتل کی 31ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ طالبان نے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے ہوئے افغانستان کے عوام کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، جیش العدل، انصار اللہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرکے افغانستان کو سیکیورٹی اور جیو پولیٹیکل گیمز کے میدان میں تبدیل کردیا ہے۔
افغان سرزمین پر پاکستانی فوج کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے احمد مسعود نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال طالبان کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق موجودہ بحران سمیت ماضی کے تمام بحرانوں کی بنیادی وجہ طالبان کی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ طالبان نے دہشت گرد گروہوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کیے، جن میں ٹی ٹی پی، جیش العدل، تاجکستان کی انصاراللہ اور القاعدہ جیسے گروہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برسوں سے انہی پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان سیکیورٹی مسائل اور جیوپولیٹیکل کشمکش میں گھرا ہوا ہے، اور آج جو جنگی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ انہی غیر دانشمندانہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔