پی آئی اے نجکاری، اندرون و بیرون ملک 11 قیمتی پراپرٹیز کی تفصیلات سامنے آگئیں
ان قیمتی جائیدادوں کو پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن کا حصہ بنایا گیا ہے
قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شامل پراپرٹیز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق ٹرانزیکشن میں مجموعی طور پر 11 قیمتی جائیدادیں شامل کی گئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تقریباً 12 ارب روپے مالیت کی ان پراپرٹیز میں سے 7 بیرونِ ملک جبکہ 4 پاکستان میں واقع ہیں۔
بیرونِ ملک جائیدادوں میں بھارت، امریکا، نیدرلینڈز اور ازبکستان میں موجود پی آئی اے کی پراپرٹیز شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق بھارت میں پی آئی اے کی دو پراپرٹیز ہیں جن کی مجموعی مالیت 36 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
نئی دہلی میں موجود پراپرٹی کی مقامی ویلیو 12 کروڑ 19 لاکھ روپے جبکہ ممبئی میں واقع پراپرٹی کی مالیت 11 کروڑ 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
امریکا کے شہر نیویارک میں پی آئی اے کی پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو 19 لاکھ 35 ہزار ڈالر ہے، جبکہ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں موجود تین پراپرٹیز کی مجموعی مالیت 34 لاکھ 35 ہزار یورو بتائی گئی ہے۔
اسی طرح ازبکستان میں پی آئی اے کی ایک پراپرٹی کی ویلیو تقریباً 4 ارب مقامی سوم کے مساوی قرار دی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں موجود چار پراپرٹیز کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 11 ارب 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق پشاور میں پی آئی اے سیلز آفس بلڈنگ کی ویلیو 5 ارب 56 کروڑ روپے ہے، جبکہ راولپنڈی کے مال روڈ پر واقع پراپرٹی کی مالیت 2 ارب 54 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اسی طرح اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع پی آئی اے سیلز آفس کی قیمت 2 ارب 67 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کوئٹہ میں قومی ایئر لائن کی جائیداد کی مالیت 91 کروڑ 57 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ان قیمتی جائیدادوں کو پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ قومی ایئر لائن کی فروخت کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔