محسن نقوی کی پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کو ملازمتین دینے کا اعلان

محسن نقوی کی پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کو ملازمتین دینے کا اعلان

ٹیم نے باہمی اتحاد کے ساتھ کھیل پیش کیا جس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا، عماد شکیل بٹ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کو آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اعلان کیا کہ جو قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اس وقت ملازمت نہیں کر رہے، انہیں قومی اداروں میں نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات بھی پی سی بی برداشت کرے گا جبکہ فٹنس اور میڈیکل کے حوالے سے بھی مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ادارہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور مستقبل میں بھی پہلے کی طرح قومی کھیل کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی ہاکی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ  خواجہ جنید، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی جبکہ کھلاڑیوں نے بھی محسن نقوی کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ پی سی بی کی حمایت سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور مشکل وقت میں دی گئی اس سپورٹ پر وہ ادارے کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ ٹیم نے باہمی اتحاد کے ساتھ کھیل پیش کیا جس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن پاکستان میں ہاکی کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے جبکہ کچھ ڈیلیز کے مسائل حل کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔

Related posts

علاقائی کشیدگی کے درمیان متحدہ عرب امارات کے صدر کو روسی صدر کا فون آیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم کا اعلان، بھارت سب سے آگے

یہ عام سی عادت میٹابولزم کو تیز کرسکتی ہے