ایران میں خوفناک کالی بارش کا خطرہ، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت، الرٹ جاری
تیل کے بڑے ذخائر اور ریفائنریوں میں لگنے والی آگ کے باعث فضا میں زہریلے ذرات پھیل گئے ہیں
عالمی ادارۂ صحت نے ایران میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد ہونے والی مبینہ کالی بارش سے صحت کے سنگین خطرات سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ادارے کے ترجمان کرسٹیان لنڈمیئر نے جنیوا میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایران کے مختلف علاقوں سے اس ہفتے تیل آلود بارش کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو انسانی صحت کے لیے خاص طور پر سانس کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق پیر کے روز تہران میں ایک آئل ریفائنری پر حملے کے بعد فضا سیاہ دھوئیں سے بھر گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے بڑے ذخائر اور ریفائنریوں میں لگنے والی آگ کے باعث فضا میں زہریلے ذرات پھیل گئے ہیں جو بارش کے ساتھ زمین پر گر رہے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس صورتحال میں تیزابیت والی بارش اور تیل آلود بارش دونوں ہی عوامی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اسی لیے ایران کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دینا ایک درست اقدام ہے۔
ادھر عالمی خبر ایجنسی کو موصول ہونے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر تہران میں عالمی ادارۂ صحت کے دفتر کے باہر عملہ کالا مائع صاف کرتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، تاہم اس ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر تیل کی تنصیبات پر حملے اور آگ کے واقعات جاری رہے تو خطے میں فضائی آلودگی اور صحت کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔