ارشدیپ سنگھ پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد
ارشدیپ سنگھ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
آئی سی سی نے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا ہے جب کہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
یہ واقعہ نیوزی لینڈ کی اننگز کے 11 ویں اوور میں پیش آیا۔ ارشدیپ سنگھ نے گیند جارحانہ انداز میں پھینکی جو ڈیرل مچل کے پیڈز پر لگی۔ آن فیلڈ امپائرز نے اس اقدام کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چارج عائد کیا۔
کھلاڑی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے دی گئی سزا قبول کرلی جس کے بعد باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق لیول ون کی خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ 24 ماہ میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر کھلاڑی پر پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ دو سسپنشن پوائنٹس جمع ہونے پر ایک ٹیسٹ میچ یا دو ون ڈے / ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی کا امکان ہوتا ہے۔