رجب بٹ کے طلاق نوٹس پر ایمان فاطمہ کا جذباتی ردعمل
یہ معاملہ اس وقت زیادہ زیرِ بحث آیا جب طلاق کا نوٹس سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا
پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اہلیہ ایمان رجب کو طلاق کا باضابطہ نوٹس بھیج دیا، اس طرح شادی تقریباً 15 ماہ بعد ختم ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ اس وقت زیادہ زیرِ بحث آیا جب طلاق کا نوٹس سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔ دستاویز کے مطابق رجب علی بٹ ولد محمد افضل بٹ نے اپنی اہلیہ ایمان اسد دختر شیخ اسد حسین کو باضابطہ طور پر طلاق دے دی ہے۔
طلاق کے نوٹس کے وائرل ہونے کے فوری بعد ایمان فاطمہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں طلاق کے کاغذات کے ساتھ ایک پیغام بھی شامل تھا۔ انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اس رشتے کو بچانے کے لیے خاموشی اختیار کی، مگر پہلے پوڈکاسٹ میں لگائے گئے جھوٹے الزامات اور اب یہ قانونی نوٹس سامنے آ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا میں صرف یہ جاننا چاہتی ہوں کہ اس سب میں میری اور میرے بیٹے کی کیا غلطی ہے؟ میرے پاس بہت کچھ کہنے کو ہے، لیکن اس ماہ کی تقدس کے باعث میں خاموش ہوں۔
ایمان فاطمہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا اور کئی افراد نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب رجب بٹ نے بھی خاندان میں پیدا ہونے والے اختلافات اور تنازعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اس شادی کو بچانے کی مزید کوشش نہیں کریں گے اور اس رشتے کو برقرار رکھنا ان کے لیے ممکن نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھامیں اس شادی سے مکمل طور پر فارغ ہوں۔ میں منافقت پر مبنی دوستی قائم نہیں رکھ سکتا، تو پھر منافقت پر مبنی رشتہ کیسے برقرار رکھ سکتا ہوں۔
رجب بٹ نے مزید کہا کہ الزامات کے بعد خاندانوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں اور کچھ نجی پیغامات ایسے ہیں جو عوام کے سامنے نہیں لائے جا سکتے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایک سال پرانی شادی کو اپنے والدین کے ساتھ تیس سالہ تعلقات پر ترجیح نہیں دے سکتے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی 2024 میں ہوئی تھی، جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں اور مداحوں نے اس جوڑے کو خوب سراہا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ بعد ازاں یوٹیوبر پر ایک اور لڑکی کے ساتھ تعلقات کے الزامات بھی لگائے گئے، جبکہ ایمان فاطمہ کے بھائی نے بھی رجب بٹ پر اپنی بہن کو اس وقت دھوکا دینے کا الزام عائد کیا تھا جب وہ حاملہ تھیں۔