ایران کے خلاف جنگ خاتمے کے قریب، ٹرمپ، جنگ خاتمے کا فیصلہ ہم کریں گے، پاسداران

ایران کے خلاف جنگ خاتمے کے قریب، ٹرمپ، جنگ خاتمے کا فیصلہ ہم کریں گے، پاسداران

خطے میں موجود تمام امریکی فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے، پاسداران انقلاب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، ایران جنگ جلد ختم ہونے والی ہے۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے صدر ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ اب ہم کریں گے۔

ری پبلکن ارکان کی کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ابھی مکمل فتح حاصل نہیں ہوئی تاہم دشمن کو شکست تک حملے جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردوں کے دباؤ میں کبھی نہیں آئے گا اور ضرورت پڑنے پر مزید کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔

امریکی صدر کے مطابق ایران کے خلاف کارروائیوں میں اسٹریٹجک بمبار طیاروں کے استعمال نے ایران کو جوابی حملے سے روکے رکھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی ڈرون اور میزائل صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ ایرانی بحریہ کے درجنوں جنگی جہاز بھی تباہ کیے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایران میں ٹرمپ کی ’وینزویلا طرز‘ حکمت عملی ناکام رہی، برطانوی اخبار

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر یہ آپریشن نہ کیا جاتا تو ایران دو ہفتوں میں ایٹمی ہتھیار حاصل کر سکتا تھا، جس سے عالمی صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادی اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کی عسکری صلاحیت کو کمزور کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ امریکی صدر کے مطابق دنیا اس وقت ایک بڑے فوجی آپریشن کو دیکھ رہی ہے اور امریکا اپنی فوجی طاقت کے ذریعے دشمن کو مکمل شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔

پاسداران انقلاب کا صدر ٹرمپ کے جنگ ختم کرنے کے بیان پر ردعمل

ایران کی فوجی تنظیم پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے خاتمے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا تعین ایران خود کرے گا۔

پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے اور وہ علاقے میں اپنے اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔

تنظیم نے مزید کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا۔

Related posts

ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ریکارڈ

پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، 26 مارچ سے 3 مئی تک 44 میچز کھیلے جائیں گے

قذافی اسٹیڈیم کے نام کے رائٹس کے لیے پیشکشیں طلب