دبئی، صدر شیخ محمد بن زاید اور ولی عہد شیخ حمدان عوام کے درمیان پہنچ گئے
مال میں موجود خریدار اور ریسٹورنٹس میں بیٹھے افراد اس اچانک آمد پر حیران رہ گئے
دنیا کے مصروف ترین شاپنگ مراکز میں شمار ہونے والے دبئی مال میں اُس وقت غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا جب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اچانک وہاں پہنچ گئے۔
مال میں موجود خریدار اور ریسٹورنٹس میں بیٹھے افراد اس اچانک آمد پر حیران رہ گئے اور کئی لوگ دونوں رہنماؤں کو قریب سے دیکھنے اور ان سے مصافحہ کرنے کے لیے جمع ہو گئے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع بھی صدر کے ہمراہ موجود تھے۔
دبئی میڈیا آفس کی جانب سے اس دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں رہنما عام لوگوں کے درمیان نہایت سادہ انداز میں گھل مل کر ان سے گفتگو کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں ایک دلچسپ لمحہ اُس وقت سامنے آیا جب گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی شہری نے صدر شیخ محمد بن زاید اور ولی عہد شیخ حمدان سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دونوں رہنماؤں نے بھی خوشگوار انداز میں اس شخص سے بات چیت کی جبکہ صدر نے اسے متحدہ عرب امارات میں خوشگوار قیام کی نیک خواہشات بھی دیں۔
یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کو متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔
ایسے ماحول میں ملک کی اعلیٰ قیادت کا عوام کے درمیان آنا سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔