ایران کی نئی قیادت کو ماسکو کی حمایت، پیوٹن کی مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے تیسرے سپریم لیڈر بن گئے ہیں
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے روس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
روسی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشن کو وقار اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور ایران کی قیادت کو درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔
پیوٹن نے کہا کہ روس اسلامی جمہوریہ ایران کا قابل اعتماد شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایک اہم اتحادی ہے اور مشکل حالات کے باوجود ایرانی قوم متحد رہے گی۔
روسی صدر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کو درپیش موجودہ چیلنجز کے دوران مضبوط قیادت انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور روس اس مرحلے پر ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے تیسرے سپریم لیڈر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای تقریباً 37 برس تک اس منصب پر فائز رہے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای تہران میں ہونے والے ایک حملے میں شہید ہوئے تھے جس کے بعد ایران میں نئی قیادت کے اعلان کے ساتھ ہی عالمی سطح پر ردعمل سامنے آ رہا ہے۔