عالمی توانائی بحران کے اثرات، بنگلا دیش میں تمام یونیورسٹیاں عید تک بند کرنے کا اعلان
عالمی توانائی بحران کے تناظر میں مزید اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، بنگلا دیشی حکومت
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور عالمی توانائی بحران کے اثرات جنوبی ایشیا تک پہنچ گئے ہیں، جس کے باعث بنگلادیش کی حکومت نے ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں عید تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلادیشی حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ایندھن کی ممکنہ قلت کے پیش نظر یہ ہنگامی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ملک میں توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کیمپسز اور ہاسٹلز میں بجلی اور ایندھن کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا تھا، جس پر تشویش کے بعد تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یونیورسٹیوں کی بندش سے نہ صرف بجلی کی کھپت میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک اور ایندھن کے استعمال میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے باعث ملک بھر کے اسکول پہلے ہی بند ہیں، جبکہ اب جامعات کی تعطیلات کے اعلان کے بعد تعلیمی سرگرمیاں عید تک معطل رہیں گی۔
بنگلادیشی حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی توانائی بحران کے تناظر میں مزید اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کو ممکنہ توانائی بحران سے بچایا جا سکے۔