ٹرمپ نے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا
امریکا کے پاس دفاعی اور جارحانہ ہتھیاروں کے وافر ذخائر موجود ہیں
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن تہران کے ساتھ کسی بھی قسم کے معاہدے کے لیے اسی شرط کو بنیاد بنائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوگی سوائے غیر مشروط سرنڈر کے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد ایران میں ایک “قابل قبول اور بہترین قیادت” کے انتخاب کے ساتھ امریکا اور اس کے اتحادی مل کر ایران کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے اور اسے معاشی طور پر پہلے سے زیادہ مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔
ادھر خطے میں کشیدگی اس وقت خطرناک حد تک بڑھ گئی جب امریکا اور اسرائیل نے گزشتہ ہفتے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کیے۔
حملوں میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، سینئر فوجی افسران اور درجنوں طالبات بھی شامل بتائی جا رہی ہیں۔
ایران نے ان حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکی اڈوں، سفارتی تنصیبات اور اسرائیل کے متعدد شہروں پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کے باعث صورتحال مسلسل سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر تہران سمجھتا ہے کہ امریکا اس جنگی مہم کو جاری نہیں رکھ سکتا تو یہ اس کی بہت بڑی غلط فہمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس دفاعی اور جارحانہ ہتھیاروں کے وافر ذخائر موجود ہیں اور واشنگٹن اپنے مقاصد کے حصول تک یہ مہم جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔