محسن نقوی کا بڑا فیصلہ، فرنچائزز کیلئے پیسوں کی برسات
اس بار سب سے نمایاں تبدیلی کرکٹ ڈیولپمنٹ کے لیے نئی خصوصی انعامی اسکیم ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2026 کیلئے انعامی رقم اور فرنچائزز کے لیے نئی مالی مراعات کا اعلان کر دیا ہے۔ لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو کر 3 مئی تک جاری رہے گا اور ایک بار پھر پاکستان کی بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ عالمی توجہ کا مرکز بنے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نئی مالیاتی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل 2026 کے چیمپئن کو 5 لاکھ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا، جو ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم کے علاوہ ہوگا۔
اس بار سب سے نمایاں تبدیلی کرکٹ ڈیولپمنٹ کے لیے نئی خصوصی انعامی اسکیم ہے۔ پی سی بی نے ایسی فرنچائز کیلئے 2 لاکھ ڈالر کا خصوصی انعام متعارف کرایا ہے جو پاکستان میں کرکٹ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
Complementing the Pakistan Super League’s growth, I am thrilled to announce a new Reward for Franchises in the forthcoming editions:
– Champions: $500,000
– Runners-up: $300,000
– Best Franchise contributing towards Cricket Development: $200,000Let’s take Pakistan cricket to…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 21, 2025
پی سی بی کے مطابق اس اقدام کا مقصد فرنچائزز کو گراؤنڈ لیول پر کرکٹ کے فروغ، یوتھ اکیڈمیز، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز، کوچنگ اور علاقائی مقابلوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے تاکہ ملکی کرکٹ کا ڈھانچہ مزید مضبوط ہو سکے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔ نئی انعامی اسکیم پی ایس ایل 2026 سے باضابطہ طور پر نافذ ہو جائے گی۔