مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے یو اے ای ٹور منسوخ کر دیا
انگلینڈ لائنز اور پاکستان شاہینز کے درمیان سیریز جاری تھی، کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے یو اے ای میں جاری انگلینڈ لائنز کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق انگلینڈ لائنز اور پاکستان شاہینز کے درمیان سیریز جاری تھی، تاہم خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی انگلینڈ واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز میں پانچ ون ڈے میچز شیڈول تھے۔ کشیدگی کے باعث دوسرا ون ڈے میچ پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا، جبکہ اب باقی ماندہ تین میچز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں انگلینڈ کی وومین کرکٹ ٹیم کا ابوظہبی میں شیڈول کیمپ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیمپ میں حصہ لینا تھا، تاہم ای سی بی کے مطابق اب متبادل آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ای سی بی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔
