تعمیراتی شعبے میں تیزی، فروری 2026 میں سیمنٹ فروخت میں بڑا اضافہ
طلب میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ قیمتوں میں کمی کا امکان بھی پیدا ہوسکتا ہے
تعمیراتی اور انفرااسٹرکچر شعبے کے لیے حوصلہ افزا خبر سامنے آگئی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق فروری 2026ء میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 12.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.199 ملین ٹن رہی، جبکہ مقامی مارکیٹ میں فروخت 8.35 فیصد بڑھ گئی۔
اسی دوران سیمنٹ کی برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور یہ 37.72 فیصد تک پہنچ گئیں، جو بیرونی طلب میں اضافے کا واضح اشارہ ہے۔
علاقائی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو جنوبی خطے کی فروخت میں 24.50 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمالی خطے میں بھی 7.66 فیصد بہتری سامنے آئی۔
خاص طور پر جنوبی علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات میں 51.95 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مجموعی سیمنٹ فروخت میں 10.86 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے میں مقامی فروخت 11.93 فیصد بڑھ گئی۔ برآمدات 6.27 فیصد اضافے کے ساتھ 6.295 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔
اے پی سی ایم اے نے آئندہ وفاقی بجٹ میں سیمنٹ صنعت کے لیے مراعات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومتی مراعات سے نہ صرف طلب میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ قیمتوں میں کمی کا امکان بھی پیدا ہوسکتا ہے، جس سے تعمیراتی شعبہ اور معیشت کو مجموعی طور پر فائدہ پہنچے گا۔
