ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت، ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کی نشست پکی کرلی۔
کولکتہ میں کھیلے گئے اس میچ میں رنز کی برسات ہوئی اور فیصلہ آخری اوور میں جا کر ہوا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کو ترجیح دی، تاہم ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 195 رنز جوڑ دیے۔
روسٹن چیز 40، جیسن ہولڈر 37، رومان پاول 34 اور شائی ہوپ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی اٹیک میں جسپریت بھمراہ نے دو اہم وکٹیں حاصل کر کے رفتار توڑنے کی کوشش کی۔
196 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹاپ آرڈر نے دباؤ کا سامنا کیا مگر سنجو سیمسن نے شاندار 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر میچ کا رخ موڑ دیا۔
تلک ورما کے 27 اور ہاردک پانڈیا کے 17 رنز بھی فیصلہ کن ثابت ہوئے، یوں بھارت نے 20ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
اس کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ بھارت کا سامنا انگلینڈ کرکٹ ٹیم سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آمنے سامنے ہوں گے۔
پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ 5 مارچ کو بھارت اور انگلینڈ فائنل تک رسائی کی جنگ لڑیں گے۔ شائقین کو اب ایک اور بڑے ٹاکرے کا انتظار ہے۔