مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، آئی سی سی کے ہنگامی اقدامات

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فوری نوعیت کے ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے ہیں اور واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے وابستہ ہر فرد کی سلامتی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

میگا ایونٹ اس وقت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے تحت بھارت اور سری لنکا میں جاری ہے۔ اگرچہ موجودہ صورتحال سے ٹورنامنٹ کے شیڈول پر براہِ راست اثر نہیں پڑا، تاہم آئی سی سی نے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز، میچ حکام، براڈکاسٹ عملے اور ایونٹ اسٹاف کی آمد و رفت کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

متبادل سفری انتظامات اور 24 گھنٹے نگرانی

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق سفری، لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹیمیں چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی کرتے ہوئے متبادل فضائی راستوں کی دستیابی یقینی بنا رہی ہیں۔

ٹریول اینڈ لاجسٹکس یونٹ مختلف بین الاقوامی ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ یورپ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے حبز کے ذریعے متبادل کنکشنز اور پروازوں کا بندوبست کیا جا سکے۔

خصوصی ٹریول سپورٹ ڈیسک قائم

ایونٹ سے وابستہ افراد کی فوری رہنمائی کے لیے ایک خصوصی آئی سی سی ٹریول سپورٹ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے، جو سفری رکاوٹ یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں براہِ راست معاونت فراہم کرے گا۔

سیکیورٹی کنسلٹنٹس متعلقہ حکام سے قریبی رابطے میں ہیں اور بدلتی صورتحال کے مطابق بروقت ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

شائقین کو احتیاط کی ہدایت

آئی سی سی نے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے سفر کرنے والے یا ارادہ رکھنے والے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ حکومتی سفری ایڈوائزریز پر مسلسل نظر رکھیں اور بین الاقوامی سفر سے قبل ممکنہ خطرات کا مکمل جائزہ لیں۔

Related posts

پاکستان ہاکی ٹیم نے چین کو 5-4 سے زیر کر کے کوالیفائر میں فتح کا جھنڈا گاڑ دیا

سپریم لیڈر کی شہادت پر تہران کا سخت ردعمل، جواب صرف امریکی اہداف کو دیا جائے گا

متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاع نے ایرانی حملے کے آغاز کے بعد سے 165 بیلسٹک، دو کروز میزائل، 541 ڈرونز کو روکا – UAE