ایران کا سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان
ملک کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی
ایران کی مسلح افواج نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ردعمل دیتے ہوئے قاتلوں سے سخت اور فیصلہ کن انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اپنے رہبر کے مشن اور راستے پر قائم رہیں گی اور ملک کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی حملے میں شہید ہوئے، انہیں ان کے دفتر میں نشانہ بنایا گیا۔ حکومت کی جانب سے ان کی شہادت پر ملک بھر میں 40 روزہ سوگ اور 7 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی اور میجر جنرل محمد پاکپور بھی شہید ہوئے جبکہ بعض رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل خامنہ ای کی بیٹی، نواسی اور داماد بھی حملوں میں شہید ہوچکے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے مشترکہ حملے کے بعد ایران کے جوابی حملے جاری ہیں۔ تازہ ترین حملے میں ایران نے دبئی ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کیا ہے جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔