مسجدِ نبویؐ میں بلال عباس کی تلاوتِ قرآن کی ویڈیو وائرل
ویڈیو میں بلال عباس ماسک پہنے ہوئے ہیں اور نہایت سکون کے ساتھ عبادت میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں
پاکستان کے معروف اداکار بلال عباس حالیہ دنوں مدینہ منورہ میں واقع مسجدِ نبویؐ میں عبادت کرتے نظر آئے، جہاں انہوں نے نماز کی ادائیگی کے ساتھ قرآنِ پاک کی تلاوت بھی کی۔
رمضان المبارک کے بابرکت ماحول میں بلال عباس کی سادہ اور پُرسکون موجودگی نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک مختصر ویڈیو میں بلال عباس کو مسجدِ نبویؐ کے احاطے میں خاموشی سے بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بلال عباس ماسک پہنے ہوئے ہیں اور نہایت سکون کے ساتھ عبادت اور غور و فکر میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ منظر وہاں موجود ایک فرد نے ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد یہ کلپ تیزی سے وائرل ہوگیا۔
مداحوں نے اداکار کی عاجزی اور روحانیت سے لگاؤ کو سراہتے ہوئے ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری تبصروں میں صارفین کا کہنا ہے کہ بلال عباس کی یہ روحانی وابستگی ان کی شخصیت کا ایک مثبت اور متاثرکن پہلو اجاگر کرتی ہے، جو ان کی فنی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کے کردار کی خوبصورتی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔