علیزے شاہ نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بڑا اعلان کردیا
اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ علیزے شاہ نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سب کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔
ماضی میں مختلف تنازعات کا سامنا کرنے والی اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک طویل نوٹ میں علیزے شاہ نے لکھا کہ گزشتہ سال ان کی زندگی کا سب سے مشکل دور تھا، جب وہ خود کو اللہ سے دور اور گمراہ محسوس کرتی رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات انسان اندھیرے میں گھرا محسوس کرتا ہے لیکن رمضان نے انہیں اپنی زندگی کا رخ بدلنے کا حوصلہ دیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ دل کو نرم کرنے اور ہر اس شخص کو معاف کرنے کا انتخاب کر رہی ہیں جس نے انہیں تکلیف پہنچائی، معاف کرنا اس لیے ضروری ہے تاکہ روح کو سکون مل سکے۔
انہوں نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے معافی طلب کی اور امید ظاہر کی کہ جس طرح وہ دوسروں کو معاف کر رہی ہیں، اللہ بھی انہیں معاف فرمائے گا۔
علیزے شاہ نے اپنے والدین کے صبر اور اللہ کی جانب سے ملنے والی امید کو اپنے لیے سہارا قرار دیا اور کہا کہ بعض اوقات انسان اپنی غلطیوں کو جانتے ہوئے بھی غرور کے باعث درست راستہ اختیار نہیں کرتا اور یوں اپنی ہی کہانی کا منفی کردار بن جاتا ہے۔
انہوں نے پیغام دیا کہ پچھتاوے کو توبہ سے زیادہ بھاری نہ ہونے دیا جائے اور جب تک موقع ہو، معاف کر دینا چاہیے۔
اداکارہ کے اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے مثبت ردِعمل دیا اور ان کے اس فیصلے کو ذہنی سکون اور روحانی بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔