محسن نقوی کی قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کوالیفائر کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

محسن نقوی کی قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کوالیفائر کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

ہاکی کے معاملات کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا، محسن نقوی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کو لیگ کے دوران ناروا سلوک اور انتظامی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ہاکی کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہاکی کے معاملات کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مصر میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں قیام کے انتظامات فوری کرنے کی ہدایت جاری کی۔

محسن نقوی نے اعلان کیا کہ قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے شروع کیا جائے گا اور آج رات تک تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے زخمی کھلاڑیوں کے علاج معالجے کے اخراجات پی سی بی کے ذمہ لینے کی بھی ہدایت دی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور کسی صورت وطن کے وقار پر حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے چھ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ آنے والی ٹیم کے لیے پہلے سے اعلان کردہ فی کھلاڑی 10، 10 لاکھ روپے کے چیک بھی کھلاڑیوں کے حوالے کیے۔

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات اور بھرپور حوصلہ افزائی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

Related posts

حمدان بن محمد نے ‘ایج آف لائف’ اقدام کو AED 100 ملین کا تحفہ دیا – UAE

UAE فوڈ بینک رمضان کے دوران 8 ملین کھانے تقسیم کرے گا – UAE

جنوبی کوریا کے سابق صدر کو مارشل لگانے کی کوشش مہنگی پڑ گئی