ٹیلر سوئفٹ اپنا ہی ریکارڈ توڑ کر موسیقی کی دنیا میں چھا گئی
ٹیلر سوئفٹ کو ایک بار پھر سال کی بہترین گلوکارہ قرار دے دیا گیا
معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر مقبولیت کا نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سال کی بہترین گلوکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
موسیقی کی فروخت اور عالمی مقبولیت کا جائزہ لینے والے ادارے انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی فونوگرافک انڈسٹری (IFPI) کی سالانہ درجہ بندی میں ٹیلر سوئفٹ مسلسل کامیابی کے ساتھ ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
رپورٹ کے مطابق 36 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے یہ اعزاز مسلسل چھٹی بار حاصل کیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ چوتھا موقع ہے جب وہ IFPI کی فہرست میں مسلسل سرفہرست رہنے میں کامیاب رہیں۔
ٹیلر سوئفٹ اس سے قبل 2014، 2019، 2022، 2023 اور 2024 میں بھی دنیا کی مقبول ترین گلوکارہ قرار دی جا چکی ہیں جبکہ 2020 اور 2021 میں یہ اعزاز جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ میوزک بینڈ بی ٹی ایس نے حاصل کیا تھا۔
سال 2025 کی فہرست میں بھی ٹیلر سوئفٹ نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی جبکہ دیگر نمایاں فنکاروں میں لیڈی گاگا، سبرینا کارپینٹر اور بلی ایلش سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔
میوزک تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی ٹیلر سوئفٹ کے 12ویں میوزک البم کی ریلیز کے بعد ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا تسلسل ہے، جس نے دنیا بھر میں شائقین کی توجہ حاصل کی۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی فونوگرافک انڈسٹری کی اس درجہ بندی کو عالمی سطح پر موسیقی کے میدان میں انتہائی معتبر سمجھا جاتا ہے اور ٹیلر سوئفٹ کی مسلسل کامیابی نے انہیں موجودہ دور کی سب سے کامیاب اور اثر انگیز گلوکاراؤں میں شامل کردیا ہے۔