وزیرستان کی ننھی فاسٹ بولر نے انٹرنیٹ ہلا دیا، جاوید آفریدی نے فوراً اپنی لیگ میں شامل کر لیا
مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے
خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی کم عمر کرکٹر آئینہ وزیر کی شاندار فاسٹ بولنگ نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔
چند روز قبل تحصیل شیواہ میں کھیلے گئے بچوں کے ایک مقامی میچ کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی جس میں آئینہ برق رفتاری سے گیند بازی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
وائرل کلپ میں ننھی کھلاڑی کا ایکشن اور رفتار دیکھ کر صارفین نے انہیں مستقبل کی اسٹار قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر “ماشاءاللہ” اور دعائیہ پیغامات کی بھرمار ہو گئی جبکہ کئی صارفین نے مطالبہ کیا کہ ایسے ٹیلنٹ کو فوری طور پر بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
ویڈیو نے جب کرکٹ حلقوں تک رسائی حاصل کی تو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے آئینہ وزیر کو “غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک” قرار دیا اور اعلان کیا کہ وہ انہیں اپنی آئندہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ بنائیں گے۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ زلمی ویمن لیگ کا مقصد باصلاحیت بچیوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں بلکہ دیگر لڑکیوں کے لیے بھی مثال بن سکیں۔
مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم سہولیات اور رہنمائی کی کمی کے باعث یہ صلاحیتیں سامنے نہیں آ پاتیں۔
آئینہ وزیر کی ویڈیو نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ اگر مواقع میسر ہوں تو دور دراز علاقوں سے بھی عالمی معیار کے کھلاڑی سامنے آ سکتے ہیں۔