ہمارا فوکس ورلڈکپ جیتنے پر ہے، شاداب خان پرعزم
بھارت سے شکست پر بہت باتیں ہورہی ہیں تاہم ٹیم کا فوکس کسی ایک مقابلے پر نہیں، شاداب خان
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ایک میچ پر بہت باتیں ہورہی ہیں لیکن ہمارا فوکس ایک میچ پر نہیں بلکہ ورلڈکپ جیتنے پر ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
شاندار کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے واضح کیا کہ ٹیم کا ہدف ایک میچ نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں شاداب خان نے کہا کہ بھارت سے شکست پر بہت باتیں ہورہی ہیں تاہم ٹیم کا فوکس کسی ایک مقابلے پر نہیں بلکہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرنے پر ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ میچ جیتنا چاہیے تھا لیکن ٹیم آگے کی جانب دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے سابق کرکٹرز کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کی اپنی رائے ہے، وہ لیجنڈز رہے ہیں مگر قومی ٹیم ماضی میں ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دے چکی ہے اور آئندہ بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ سپر ایٹ مرحلہ مزید سخت ہوگا اور پریشر میچز کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم ٹیم پراسیس پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ نمیبیا کے خلاف میچ میں شاداب خان نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔