سابق فاسٹ بولر کا شاہین کی جگہ سلمان مرزا کو کھلانے کا مطالبہ

سابق فاسٹ بولر کا شاہین کی جگہ سلمان مرزا کو کھلانے کا مطالبہ

سلمان مرزا کو جب بھی موقع ملا تو انہوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی، محمد عامر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارت کے خلاف آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھاری شکست کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اتوار کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے واضح طور پر کہا کہ ان فارم فاسٹ بولر سلمان مرزا کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جب کہ شاہین آفریدی کو مواقع دیے جارہے ہیں باوجود اس کے کہ وہ اس ورلڈکپ میں مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

محمد عامر کے مطابق سلمان مرزا کو جب بھی موقع ملا تو انہوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ شاہین ایک باصلاحیت بولر ضرور ہیں لیکن صرف نام یا ماضی کی شہرت پر ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے، اصل معیار کارکردگی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے علاوہ کسی بڑے آئی سی سی ایونٹ میں شاہین آفریدی کی نمایاں پرفارمنس دکھائی نہیں دیتی۔

انہوں نے ٹیم کمبی نیشن پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل نہ ہو تو مضبوط ٹیم ترتیب دینا ممکن نہیں ہوتا اور درست کمبی نیشن کے بغیر ٹیم بہتر نتائج نہیں دے سکتی۔

محمد عامر نے فہیم اشرف کے استعمال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فہیم کو محض فیلڈنگ آل راؤنڈر بنادیا گیا ہے، نہ انہیں باقاعدہ بولنگ دی جارہی ہے اور نہ ہی بیٹنگ میں مکمل موقع مل رہا ہے۔ اگر انہیں بولنگ نہیں کروانی تو پھر کسی مستند بیٹر کو موقع دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب معلوم ہے کہ بیٹنگ کمزور ہے تو بیٹرز کو زیادہ مواقع دے کر اسے مضبوط کیوں نہیں کیا جاتا۔ ان کے مطابق ابتدائی غلط فیصلے بعد میں بڑے تنازعات کو جنم دیتے ہیں۔

محمد عامر کہتے ہیں کہ سسٹم، سلیکٹرز یا دیگر افراد پر تنقید اپنی جگہ لیکن کوچ بھی ٹیم کی حکمت عملی اور نتائج کے لیے جوابدہ ہوتا ہے۔

Related posts

سونے نے خزانہ چمکا دیا، پاکستان کے ذخائر میں نمایاں اضافہ

نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک کا بینکاری نظام کے تحفظ کے لیے بڑا اقدام