کاروباری ہفتہ مندی کی نذر؛ اسٹاک مارکیٹ نے 5 نفسیاتی حدیں کھودیں
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار شدید مندی
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 4526 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 184,129 پوائنٹس سے گھٹ کر 179,603 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ نے مسلسل 5 نفسیاتی حدیں بھی کھودیں جبکہ کاروباری ہفتے میں چار دن مندی اور صرف ایک دن تیزی دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 185,650 پوائنٹس رہی جبکہ کم ترین سطح 178,237 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پانچ روزہ کاروباری ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں کمی آئی اور یہ 523 ارب روپے کم ہوکر 20,359 ارب روپے رہ گئی۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں فروخت کے دباؤ، توقعات سے کم مالی نتائج اور ریکو ڈیک سے متعلق خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔
