حیدرآباد میں کرکٹ کا جوش، پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک
حیدرآباد سے ماضی میں اچھے بیٹسمین، اسپنرز اور وکٹ کیپر سامنے آتے رہے ہیں، عاقب جاوید
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیوچر اسٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت نیاز اسٹیڈیم میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جہاں نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ٹرائلز کی نگرانی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ یہ پروگرام اُن بچوں کے لیے سنہری موقع ہے جو کلب یا اکیڈمی کرکٹ میں باقاعدگی سے شرکت نہیں کر پاتے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز کا یہ ابتدائی مرحلہ ہے اور کل بھی سلیکشن کا عمل جاری رہے گا۔ مجموعی طور پر 20 سے 24 باصلاحیت لڑکوں کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں ایک ماہ کی خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی غیرمعمولی کارکردگی دکھائیں گے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی تک رسائی دی جائے گی۔ عاقب جاوید نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی ایسے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے ذریعے سامنے آنے والے کئی کھلاڑی آج قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے کا اپنا منفرد ٹیلنٹ ہے۔ حیدرآباد سے ماضی میں اچھے بیٹسمین، اسپنرز اور وکٹ کیپر سامنے آتے رہے ہیں، تاہم فاسٹ بولنگ کے حوالے سے کے پی اور پنجاب کا تناسب زیادہ ہے۔ “ایسا نہیں کہ یہاں فاسٹ بولرز نہیں، مگر نسبتاً کم ہیں،” انہوں نے وضاحت کی۔
پاک بھارت میچ سے متعلق سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم متوازن اور مضبوط ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ تین سے چار ماہ میں ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی ہے اور اس بار جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حیدرآباد، کراچی اور سکھر سندھ کے تین ریجنز ہیں جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 18 ریجنز قائم ہیں۔
گراؤنڈ کی بہتری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئیر کی کاوشوں سے نیاز اسٹیڈیم کی حالت بہتر ہوئی ہے اور پی سی بی چیئرمین بھی ہر ریجن میں معیاری گراؤنڈ کی فراہمی پر زور دے رہے ہیں، کیونکہ بہتر سہولیات ہی ٹیلنٹ کو نکھارتی ہیں۔
عاقب جاوید نے اعلان کیا کہ رمضان کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ شاہنواز دھانی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو جان بوجھ کر نظر انداز نہیں کیا جاتا، انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے۔