بسنت کے بعد کرکٹ کا طوفان، پنجاب کی پہلی پریمیئر لیگ کا شاندار آغاز
لیگ کا آغاز 18 فروری سے ہوگا اور مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے
پنجاب حکومت کے زیر اہتمام صوبے کی پہلی پریمیئر لیگ (پی پی ایل) کی افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے پہلے سیزن کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی۔
تقریب میں اعلیٰ سرکاری افسران اور مختلف محکموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی، سی او او روڈا، وائس چیئرمین واسا، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈی جی واسا پنجاب سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ بسنت فیسٹیول کی کامیابی کے بعد اب صوبے میں کرکٹ کا جوش و خروش شروع ہونے جا رہا ہے، جو سرکاری ملازمین کے لیے ایک مثبت اور صحت مند سرگرمی ثابت ہوگا۔
پنجاب پریمیئر لیگ میں پنجاب حکومت کے 12 مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین اپنی ٹیموں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ لیگ کا آغاز 18 فروری سے ہوگا اور مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل مقابلہ مارچ میں منعقد ہوگا۔
تمام میچز لاہور کے ای ایم ای اور ڈی ایچ اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ نہ صرف سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گا بلکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے صحت مند ماحول کو بھی تقویت ملے گی۔