فلم ’آگ لگے بستی میں‘ تابش ہاشمی کا ایکٹنگ ڈیبیو؛ دلچسپ بیان وائرل
فلم رواں سال عیدالفطر کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی
پاکستان کے معروف کامیڈین میزبان تابش ہاشمی نے اپنی اداکاری کے میدان میں انٹری کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کردیا۔
تابش ہاشمی آنے والی فیچر فلم ’آگ لگے بستی میں‘ کے ذریعے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں، جہاں وہ پہلی بار منفی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔
ان دنوں تابش ہاشمی فلم کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور مرکزی کاسٹ میں شامل اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کے ہمراہ مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں حال ہی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جب تابش ہاشمی سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنے فلمی ڈیبیو پر گھبراہٹ محسوس کر رہے ہیں، تو انہوں نے حسبِ عادت مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ “سرمایہ تو فہد مصطفیٰ نے لگایا ہے، اس لیے گھبرانا بھی انہیں ہی چاہیے، میں نے تو صرف اپنا کام کیا ہے۔”
تابش ہاشمی کے اس دلچسپ جواب پر تقریب میں موجود شرکاء خوب محظوظ ہوئے اور قہقہے گونج اٹھے۔
واضح رہے کہ فلم ’آگ لگے بستی میں‘ رواں سال عیدالفطر کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، جس میں فہد مصطفیٰ، ماہرہ خان، جاوید شیخ اور تابش ہاشمی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی ہدایتکاری بلال عاطف خان نے کی ہے جبکہ کہانی بھی انہی کی تحریر کردہ ہے جبکہ اس فلم کو فہد مصطفیٰ کی جانب سے ایک اہم پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
