پاک بھارت ٹاکرا، آئی سی سی بڑے مالی نقصان سے بچ گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادگی کے نتیجے میں آئی سی سی بڑے مالی نقصان سے بچ گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو ہائی وولٹیج مقابلہ شیڈول کے مطابق ہوگا، جس سے آئی سی سی کو 174 ملین ڈالرز کا مالی فائدہ حاصل ہوگا۔

روایتی حریفوں کے درمیان میچ منسوخ ہونے کی صورت میں براڈکاسٹرز اور اسپانسرشپ کی مد میں آئی سی سی کو بھاری نقصان متوقع تھا، جو پاکستان کی جانب سے آمادگی کے نتیجے میں منافع میں بدل گیا ہے۔

پاک بھارت میچ کے اعلان کے بعد کولمبو کے فضائی ٹکٹس کی قیمتوں میں بھی 10 سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ؛ پاک بھارت میچ کے حوالے سے اہم بریک تھرو کا امکان

روایتی حریفوں کا ہائی وولٹیج ٹاکرا دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد کی کولمبو آمد متوقع ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔

جاری کردہ اعلامیے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی بات چیت کے نتائج بریفنگ دی۔

حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا۔

حکومت نے بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان اور بنگلا دیش کی طرف سے اظہار تشکر کو خوش آئند قرار دیا اور اعادہ کیا کہ پاکستان برادر ملک بنگلا دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

کثیرالجہتی بات چیت و مشاورت کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترے۔

بیان کے مطابق یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، عالمی کھیل کے تسلسل اور شریک ممالک کے مفاد کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیراعظم اور پاکستانی عوام نے “مین ان گرین” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹیم قومی فخر اور کھیل کے جذبے کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی شان قائم کرے گی۔

Related posts

پی ایس ایل 11؛ اوٹس گبسن پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ امریکا کا پاکستان کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ

برطانیہ میں پست خاندانوں کو اپنا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے 137 سال درکار