پاکستان 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گا، حکومت کا اعلان

پاکستان 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گا، حکومت کا اعلان

یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، عالمی کھیل کی حمایت اور شریک تمام ممالک کی خاطر لیا گیا ہے، حکومت پاکستان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی بات چیت کے نتائج کے بارے میں باضابطہ طور پر بریفنگ دی۔

حکومت پاکستان نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا۔ مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر جناب امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم برادر ملک بنگلادیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلادیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کثیر الجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کرتی ہے۔

اعلامیے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مزید برآں یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، اس عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت اور اس میں شریک تمام ممالک کی خاطر لیا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور پاکستانی عوام ’’مین ان گرین‘‘ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کیلئے میدان میں اترے گی.

Related posts

سری لنکن صدر کی درخواست پر پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا

پی ایس ایل کو دنیا کا بڑا برانڈ بنائیں گے، محسن نقوی

آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی بی کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات جاری کردیں